آزادی صحافت جمہوری نظام کی روح ہے:وفاقی وزیراطلاعات

    اسلام آباد (یواین پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے  آزادی صحافت جمہوری نظام کی روح ہے، پیکا قانون مستند صحافیوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے، حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران میڈیا نے قومی سلامتی اور ریاستی موقف کے تحفظ میں بالغ نظری کا مظاہرہ کیا جو لائق تحسین ہے، جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن جلد کام شروع کر دے گا، باقاعدگی سے شائع نہ ہونے والے اخبارات کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر کاظم خان کی قیادت میں ملاقات کے لئے آئے سی پی این ای کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔ملاقات میں پیکا ایکٹ، باقاعدگی سے شائع نہ ہونے والے نیوز پیپرز کے خاتمے، پرنٹ میڈیا کو ادائیگیوں، جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پیکا قانون مستند صحافیوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ پیکا ایکٹ کا اصل مقصد صحافت کے لبادے میں چھپے نام نہاد اور جعلی صحافیوں کو قانون کے دائرے میں لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشاورت اور مزید بہتری پر یقین رکھتا ہوں، پیکا قانون پر صحافتی تنظیموں سے مشاورت کے لئے تیار ہیں۔رولز کے بارے میں تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا۔