خیبرپختونخوا کے سیاحتی علاقے کالام کے مٹلتان میں گلیشیئر ٹوٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں 7 افراد متاثر ہوئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گلیشیئر کی زد میں آنے والے افراد میں سے 3 افراد زخمی ہوئے، جبکہ ایک شخص تاحال لاپتہ ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد میں سے 3 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ لاپتہ شخص کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔حکام کے مطابق علاقے میں دشوار گزار پہاڑی راستوں اور گلیشیئر کے خطرات کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔واضح رہے کہ مون سون سیزن کے دوران بالائی علاقوں میں شدید بارشوں، گلیشیئر پگھلنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، جس کے باعث ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی جاتی رہی ہیں۔