این اے 130:منظوری کے باوجود 20کے فنڈز جاری نہ ہوئے

مجموعی طور پر 59 پارکس کی مرمت اور اپ گریڈیشن کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا
لاہور (خصوصی رپورٹ)سابق وزیر اعظم نواز شریف کے انتخابی حلقہ این اے 130 کے لیے منظور کیے گئے 20 ارب روپے کے میگا ترقیاتی پیکیج پر عمل در آمد تاحال فنڈز کے اجرا کا منتظر ہے، جس کے باعث متعدد اہم ترقیاتی منصوبے مقررہ رفتار سے آگے نہیں بڑھ سکے۔پیکیج کے تحت حلقے میں مجموعی طور پر 59 پارکس کی مرمت اور اپ گریڈیشن کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا۔ ایل ڈی اے اب تک 14 پارکس کی اپ گریڈیشن مکمل کر چکی ہے، جبکہ مزید 14 پارکس پر تعمیراتی کام فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث تعطل کا شکار ہے۔دوسری جانب باقی ماندہ 31 پارکس کی بحالی کے لیے تاحال پی سی ون بھی تیار نہیں کیا جا سکا، جس کے باعث ان منصوبوں پر عملی پیش رفت شروع نہیں ہو سکی۔پنجاب حکومت کی جانب سے سپلیمنٹری گرانٹ کے فنڈز ایل ڈی اے کو منتقل نہ ہونے کے باعث انارکلی، داتا دربار، مزنگ، لوئر مال اور شفیق آباد میں مجوزہ ترقیاتی منصوبے بھی التوا کا شکار ہیں۔اسی طرح بلال گنج، سنت نگر، ٹیمپل روڈ، قلعہ گجر سنگھ، قصور پورہ، ساندہ اور کھوکھر ٹا ئون سمیت پرانے لاہور کے متعدد علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری کے منصوبے بھی عمل در آمد کے منتظر ہیں۔