لاہور (کرائم رپورٹر) شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے گشت اور چیکنگ کے دوران مبینہ ڈاکوؤں سے پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس پر فائرنگ کر دی اور کالا خطائی موڑ کی جانب بھاگ نکلے۔ پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے حفاظتِ خود اختیاری کے تحت کارروائی کی، جس دوران ملزمان تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سے گر گئے۔ ایک ملزم فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا، جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت علی حیدر کے نام سے ہوئی۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق گرفتار اور فرار ملزمان ڈکیتی، اسنیچنگ اور جھپٹا مارنے کی وارداتوں سمیت 20 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔ فرار ملزم کی شناخت ہو چکی ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس نے زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔