لاہور کے علاقے کاہنہ میں واقع ویلنشیا ٹاؤن کے بی ون بلاک کے ایک گھر سے تین بہن بھائی مردہ حالت میں ملے، جبکہ ان کی والدہ بھی اسپتال میں دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 16 سالہ ریحان، 11 سالہ عریشہ اور 9 سالہ ارسل شامل ہیں۔ واقعے کے بعد بچوں کے والد ناصر ڈوگر کو حراست میں لے کر مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچوں کی والدہ علینہ ڈوگر جناح اسپتال میں زیر علاج تھیں، جہاں وہ انتقال کر گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے شبہ ظاہر ہوتا ہے کہ بچوں کو زہر آلودہ چیز کھلائی یا پلائی گئی، تاہم حتمی حقائق پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔بچوں کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی اہلیہ نے بچوں کو زہر دیا، تاہم پولیس نے واضح کیا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی موقع پر پہنچ گئے، جبکہ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق بچوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ والد کو حراست میں لے کر مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس موصول ہونے کے بعد ہی واقعے کی اصل وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے گا۔