تینوں بیٹوں کو بے حد یاد کرتی ہوں، لوگ مجھے مضبوط سمجھتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے دکھ اور صدموں نے مجھے بار بار توڑا
ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کی اداکارہ سیلینا جیٹلی نے کہا ہے کہ مجھے کبھی نہیں لگا تھا کہ ٹوٹے ہوئے دل کے ٹکڑے بھی مزید بکھر سکتے ہیں، میں اپنے تینوں بیٹوں کو بے حد یاد کرتی ہوں۔ اپنے سابق شوہر پیٹر ہیگ کے ساتھ جاری قانونی تنازع کے دوران ڈپریشن اور اپنے بچوں سے جدائی کے درد پر ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوے 44 سالہ اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک پرانی ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ اپنے 3 بیٹوں کے ساتھ خوش گوار لمحات گزارتی نظر آ رہی ہیں۔ویڈیو پر درج تحریر میں انہوں نے لکھا ہے کہ مجھے کبھی نہیں لگا تھا کہ ٹوٹے ہوئے دل کے ٹکڑے بھی مزید بکھر سکتے ہیں، میں اپنے تینوں بیٹوں کو بے حد یاد کرتی ہوں، امید ہے کہ ایک دن میں دوبارہ اپنے بچوں کے ساتھ ہوں گی۔اپنی پوسٹ کے کیپشن میں سیلینا جیٹلی نے لکھا کہ لوگ مجھے مضبوط سمجھتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ دکھ اور صدموں نے مجھے بار بار توڑا، انہی مشکلات نے مجھے خود کو سنبھالنا اور زخموں سے نکلنا سکھایا، مگر جب بھی لگتا ہے کہ میں سنبھل گئی ہوں، پرانے زخم پھر سے تازہ ہو جاتے ہیں۔