دہشت گردی کے خاتمے تک فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی:ایازصادق

پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا:سپیکر قومی اسمبلی 
 اسلام آباد ( آن لائن ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنوں میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج سے وابستہ 24 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارتی پراکسی دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والی سکیورٹی فورسز کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔