نادرن سرکل لاہور میں 6052 مقامات پر بجلی چوری پکڑی گئی،3065 ایف آئی آرز اور 16 افراد گرفتار ہوئے
لاہور ( کرائم رپورٹر )چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر رمضان بٹ نے کہا ہے کہ لیسکو صارفین کا تحفظ اور نظام کی شفافیت ہمارا مشن ہے، بجلی چوری میں ملوث کسی بھی فرد یا سہولت کار کو ہرگز نہیں بخشا جائے گا۔ انہی ہدایات کی روشنی میں بجلی چوروں کیخلاف مہم کیدوران ابتک بلاامتیاز آپریشنز میں لیسکو کے مختلف سرکلز میں مجموعی طور پر 24 کروڑ 17 لاکھ 46 ہزار 6سو ترانوے روپے کی ریکوری کی گئی اور ایف آئی آرز کے اندراج کیلئے متعلقہ تھانوں میں 23ہزار 7سو 47 درخواستیں دی گئیں جبکہ 7سو 16 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ نادرن سرکل لاہور میں 6052 مقامات پر بجلی چوری پکڑی گئی،3065 ایف آئی آرز اور 16 افراد گرفتار ہوئے۔ سینٹرل سرکل میں 3690 مقامات پرچوری کی نشاندہی ہوئی، 3111 ایف آئی آرز اور 17 گرفتاریاں ہوئیں۔ ایسٹرن سرکل میں 2387 کیسز سامنے آئے، 2241 ایف آئی آرز درج،44 بجلی چوروں کی گرفتاریاں ہوئیں۔د ریں اثنالیسکو ترجمان کے مطابق گزشتہ 10 روز میں بجلی بندش کی 67ہزار 82 شکایات پر66ہزار 142کو فوری حل کردیا گیا جبکہ باقی پر کام جاری ہے۔