موٹر وے کے مختلف سیکشنز ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند،چند روز کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جبکہ لاہور میں بھی سردی کا راج برقرار ہے اور چند روز کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد نے بتایا کہ لاہور، ملتان اور دیگر اہم شہروں کے درمیان مختلف موٹرویز پر دھند کی شدت کے باعث ٹریفک کی روانی کو محفوظ بنانے کے لیے موٹرویز بند رکھی گئیں۔لاہور سے کوٹ مومن (ایم 2)، لاہور سے ملتان (ایم 3)، پنڈی بھٹیاں سے ملتان (ایم 4)، ملتان سے تر نڈہ محمد پناہ (ایم 5) اور لاہور سیالکوٹ (ایم 11) موٹرویز شدید دھند کے باعث مکمل طور پر بند رکھی گئی۔ تاہم حد نگاہ بہتر ہونے پر ٹریفک لئے کھول دی گئیں قومی شاہراہوں پر بھی ٹھوکر، پتوکی، اوکاڑہ اور ساہیوال تک شدید دھند کی صورت حال کی وجہ سے ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا رہا۔ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ ان احتیاطی تدابیر کا مقصد عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ ڈرائیورز سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ دھند میں لین ڈسپلن کو یقینی بنائیں اور زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ صبح 10بجے سے شام 6بجے تک دھند کے موسم میں سفر کرنے کے لیے بہترین اوقات ہیں۔ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آگے اور پیچھے دھند والی فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، نیز اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔موٹروے پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ضرورت پڑنے پر فوری طور پر ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور میں سردی کا راج برقرار ہے جبکہ شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے م مطابق لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 98 فیصد تک پہنچ گیا جبکہ ہوا کی رفتار 6کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔