ایف آئی اے نے گوجرانوالہ اور گجرات سرکل میں سپین کشتی حادثے کے تین مقدمات درج کرلیے ہیں۔
ان مقدمات میں انسانی اسمگلنگ کے الزام میں مختلف ملزمان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ ایف آئی اے نے شبنم بی بی کی مدعیت میں انسانی اسمگلروں اصغر سندھی اور اسامہ عرف رانا عثمان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ان ملزمان نے غیر قانونی طور پر شہریوں کو موریطانیہ سے کشتی کے ذریعے سپین بھیجنے کی کوشش کی تھی، جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا۔گجرات سرکل میں علی رضا اور ابو بکر کی موت کے حوالے سے مقدمہ درج کیا گیا۔ یہ دونوں افراد انسانی اسمگلر فہدی گجر کی مدد سے سپین جانے کے لیے کشتی پر سوار ہوئے تھے، جو سمندر میں حادثے کا شکار ہوئی۔ علی رضا اور ابو بکر حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔ایف آئی اے کے ڈائریکٹر عبدالقادر قمر نے بتایا کہ اس حادثے میں عرفان اور ارسلان کو زندہ بچالیا گیا تھا، اور دونوں کے خلاف بھی علیحدہ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے کی ٹیمیں ان ملزمان کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن کر رہی ہیں۔