امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگنے والی خوفناک آگ نے ہزاروں گھر تباہ کر دیے اور ایک لاکھ سے زائد افراد کو اپنے گھر چھوڑ کر نقل مکانی کرنے پر مجبور کر دیا۔
مقامی حکام اور فائر ڈپارٹمنٹ اس آگ کی وجوہات کا تعین کرنے میں مصروف ہیں، لیکن سوشل میڈیا پر ایک وائرل ویڈیو نے اس آگ کے بارے میں نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ویڈیو میں ایک پرندہ دکھایا گیا ہے جو اپنے منہ سے آگ نکالتا ہے، اور کچھ افراد کا دعویٰ ہے کہ یہی پرندہ لاس اینجلس کے جنگلات میں تباہ کن آگ کی وجہ بنا۔ اس ویڈیو نے دیکھنے والوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے اور اس کے بارے میں مختلف نظریات گردش کر رہے ہیں۔ بعض لوگ اسے مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ ویڈیو سمجھتے ہیں، جبکہ دیگر کا خیال ہے کہ یہ حقیقت پر مبنی ہو سکتی ہے۔
فائر ڈپارٹمنٹ نے اس ویڈیو پر کوئی حتمی بیان دینے سے گریز کیا ہے، کیونکہ تحقیقات ابھی جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس آگ کی وجوہات قدرتی عوامل یا انسانی غلطیوں کی وجہ سے ہو سکتی ہیں، اور اس ویڈیو کے بارے میں فی الحال کوئی تصدیق نہیں ہو سکتی۔اکثریت کا ماننا ہے کہ یہ ویڈیو جعلی ہے اور عوام کو افواہوں پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف مصدقہ معلومات پر انحصار کریں۔لاس اینجلس میں لگنے والی اس آگ نے ماحولیاتی نقصان کے ساتھ ساتھ شہریوں کی زندگیوں پر گہرا اثر ڈالا ہے، اور اس کی اصل وجوہات کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔