کراچی سے سیٹلائٹ کوخلا میں بھیجنے کے مناظر پاکستانی عوام کو براہ راست دکھائے گئے
ای او ون سیٹلائٹ کا لانچ پاکستان کے خلائی سفر میں اہم سنگ میل ہے:آئی ایس پی آر
کراچی‘راولپنڈی(یواین پی)پاکستان میں تیار کردہ پہلا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ خلا میں روانہ ہوگیا، سیٹلائٹ کو چین کے جی چھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا، سیٹلائٹ کوخلا میں بھیجنے کے مناظر پاکستانی عوام کو براہ راست دکھائے گئے،تفصیلات کے مطابق قومی خلائی ادارے سپارکو کا تیار کردہ پہلاالیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ اپنے مشن پر روانہ ہوگیا جس کی لانچنگ کی تقریب سپارکو کمپلیکس کراچی میں منعقد کی گئی۔مشن کا آغاز اسپیس سائنس اور اختراعات میں پاکستان کی تکنیکی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے میں اسپارکو کی لگن اور مہارت کی عکاسی کرتا ہے اور مقامی طور پر تیار سیٹلائٹ پاکستان کیخلائی ٹیکنالوجی کے سفر میں اہم سنگ میل ہے۔ یہ مشن خوراک کی حفاظت اور پانی کے انتظام کو یقینی بنانے میں بھی مدد کرے گا جبکہ ملک کے قدرتی وسائل کی نگرانی کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا۔‘ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے کہا ہے ای او ون سیٹلائٹ کا لانچ پاکستان کے خلائی سفر میں اہم سنگ میل ہے۔