آر ٹی ایل عملہ ریلوے کی مطالبات کے حق میں ہڑتال

متعددگاڑیاں بغیر عملہ روانہ ،رننگ سٹاف ڈکلیئرکرکے بینیفٹ دینے کامطالبہ 
لاہور (کرائم رپورٹر )ریلوے کے شعبہ آر ٹی ایل نے مطالبات کے حق میں ہڑتال کر دی۔الیکٹریکل عملے کا مختلف ریلوے سٹیشنز پر احتجاج، انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی، ذرائع کے مطابق ہڑتال پر متعدد ٹرینوں کی پاور وین الیکٹریکل عملے کے بغیر روانہ ہوئیں جبکہ جعفرایکسپریس، شالیمار ایکسپریس کے ساتھ ڈیوٹی کیلئے ڈویڑنل انجینئر روانہ ہوئے۔ عوام ایکسپریس، شالیمار ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس، جعفرایکسپریس الیکٹریکل سٹاف کے بغیر روانہ ہوئیں۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ آر ٹی ایل ملازمین کو رننگ سٹاف ڈکلیئرکیا جائے اور اسکے بینیفٹ دیئے جائیں۔25 ہزار فکس اوور ٹائم قبول نہیں۔ کام کے مطابق اوور ٹائم دیا جائے۔صدر آر ٹی ایل سٹاف یونین عمران احمد کا کہنا تھا کہ ہمارا معاشی قتل نہ کیا جائے۔ مطالبات منظور نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ کار بڑھا دینگے۔