ہائیکورٹ:بسنت پر جاں بحق افراد سے متعلق رپورٹ طلب

صوبہ میں بسنت کی اجازت نہ ملنے پر درخواستگزار کو ہوم سیکرٹری سے ملاقات کی ہدایت
لاہور(کرائم  رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے بسنت پر جاں بحق افراد سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ جسٹس ملک اویس خالد کے روبرو شہری منیر کی درخوست پر وکیل نے موقف اختیار کیاکہ محکمہ داخلہ اعداد و شمار کے مطابق بسنت پر6 اموات ہوئیں ،محفوظ بسنت کے دعوئوں کے برعکس 124 شہری زخمی ہوئے۔ بسنت اب تہوار کی بجائے جان لیوا خطرہ بن چکی ہے۔ چھتوں سے گرنے اور بجلی کے کھمبوں پر چڑھنے کے واقعات میں درجنوں بچے زخمی ہوئے ، ریاستی ادارے قاتل ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت روکنے میں ناکام رہے۔عدالت سے استدعا ہے کہ غفلت پرمتعلقہ افسروں کیخلاف فوجداری اور محکمانہ کارروائی کے حکم سمیت بسنت سے جانی و مالی نقصان کا جائزہ لینے کیلئے عدالتی کمیشن قائم کیا جائے ، قاتل ڈور کی تیاری، ترسیل، فروخت اور استعمال پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ ہائیکورٹ میں پنجاب بھر میں بسنت کی اجازت نہ دینے کیخلاف درخواست پر بھی سماعت ہوئی،جسٹس اویس خالد نے درخواست گزار اشبا کامران کوقانون کے مطابق پہلیسپیشل ہوم سیکرٹری سے ملاقات کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کارروائی 24 فروری تک ملتوی کر دی۔