پنجاب میں رات 10 بجے دکانیں اور ریسٹورنٹس بند کرنے کا فیصلہ واپس

لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رمضان المبارک میں صوبے بھر میں رات کو 10 بجے دکانیں اور ریسٹورنٹس بند کرنے کا فیصلہ واپس لینے کی منظوری دے دی، جس کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔حکومت پنجاب نے نوٹیفکیشن میں بتایا کہ وزیراعلی مریم نواز نے تاجر برادری، چین اسٹورز، سپر اسٹورز اور ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے 10 بجے دکانیں بند کرنے کے اوقات کار سے استثنیٰ دے دیا۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ رات کو 10 بجے دکانیں بند کروانے کے اوقات کار ختم کر دیئے گئے ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سمیت الائیڈ محکموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے زوم میٹنگ میں دکانوں کے اوقات کار ختم کرنے کی ہدایت کیں، جس کے بعد اب پنجاب میں رمضان میں 24گھنٹے کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی