عالمی بینک کا وفد تربیلا ڈیم کا دورہ کرے گا، 40 ارب ڈالرز کی فنڈنگ پر بات چیت جاری
اسلام آباد: پاکستان میں موجود عالمی بینک کا وفد تربیلا ڈیم کا دورہ کرے گا، جہاں وہ توسیعی کام کا جائزہ لے گا۔ ذرائع کے مطابق عالمی بینک کے 9 ایگزیکٹو ڈائریکٹرز پر مشتمل وفد نے وزیراعظم اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کی ہیں اور اب وزیر خزانہ، وزیر اقتصادی امور، وزیر منصوبہ بندی، اور وزیر توانائی کے ساتھ ملاقاتیں طے ہیں، جن میں 40 ارب ڈالرز کی فنڈنگ کے مؤثر عملدرآمد پر بات ہوگی۔ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کا یہ 20 سال بعد پاکستان کا دورہ ہے، جس دوران کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے مؤثر نفاذ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ عالمی بینک کا وفد اس دوران ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لینے اور حکمت عملی بنانے کے لیے صوبوں کا دورہ بھی کرے گا۔اس دوران وفد تربیلا جھیل اور پاور اسٹیشن کا دورہ کرے گا، جہاں عالمی بینک کے نمائندے توسیعی کام کا جائزہ لیں گے، اور ٹیکسلا بھی جائیں گے۔