عالمی بینک پاکستان کو رواں مالی سال کے دوران 2 ارب ڈالر سے زائد قرض فراہم کرے گا تاکہ ملک میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔
یہ قرض انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ ایسوسی ایشن (IDA) اور انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ (IBRD) کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق پاکستان میں عالمی بینک کی فنڈنگ کے ذریعے 57 مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی مجموعی لاگت 16.6 ارب ڈالر ہے۔ ان منصوبوں میں زراعت، پانی، توانائی، فنانس، ریونیو، مواصلات، دیہی و شہری ترقی، ہیومین کیپٹل، سوشل سروسز اور گورننس کے شعبے شامل ہیں۔عالمی بینک نے گزشتہ 7 سال میں 11.84 ارب ڈالر پاکستان کو فراہم کیے ہیں، جس میں سب سے زیادہ 1.96 ارب ڈالر توانائی کے شعبے کے لیے دیے گئے۔ آئندہ برسوں میں مختلف منصوبوں کے لیے مزید 8.6 ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
گزشتہ مالی سالوں میں عالمی بینک کی جانب سے فراہم کردہ قرض کی تفصیل کچھ یوں ہے:
2024-25: 1.80 ارب ڈالر
2023-24: 2.24 ارب ڈالر
2022-23: 2.12 ارب ڈالر
2021-22: 1.59 ارب ڈالر
2020-21: 2.00 ارب ڈالر
2019-20: 1.37 ارب ڈالر
عالمی بینک کی یہ فنڈنگ پاکستان میں بنیادی ڈھانچے، توانائی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔