پاکستان میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی، لاہور میں فضائی آلودگی برقرار

پاکستان میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی، لاہور میں فضائی آلودگی برقرار

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں کل سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

لاہور میں سرد اور خشک موسم، 19 سے 21 فروری بارش کا امکان
لاہور میں سرد اور خشک موسم کا راج برقرار ہے۔ آج شہر کا درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ 19 سے 21 فروری کے دوران بارش متوقع ہے۔ تاہم، فضائی آلودگی کی صورتحال سنگین ہے، شہر کی مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 296 ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ امریکی قونصلیٹ میں AQI 424 تک پہنچ گیا ہے۔

کراچی میں بوندا باندی کی توقع، فضائی آلودگی بدستور برقرار
کراچی میں آج دن کے وقت موسم گرم اور شام کے وقت بوندا باندی کا امکان ہے۔ شہر میں موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آٹھویں نمبر پر جبکہ پاکستان میں چوتھے نمبر پر ہے، اور ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 139 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

بلوچستان، خیبرپختونخوا اور شمالی علاقہ جات میں برفباری اور بارش متوقع
بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، زیارت، قلات، بارکھان، موسیٰ خیل، ژوب، پشین، چمن اور خضدار میں بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، کرم، کوہستان اور وزیرستان کے علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے، خاص طور پر فضائی آلودگی سے متاثرہ شہروں میں رہنے والے افراد ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔