چیمپئنز ٹرافی: انگلینڈ کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی

چیمپئنز ٹرافی: انگلینڈ کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی

انگلینڈ کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے کپتان جوز بٹلر کی قیادت میں لاہور پہنچ چکی ہے۔

 31 رکنی دستہ، جس میں کھلاڑی اور اسٹاف شامل ہیں، دبئی کے راستے لاہور پہنچا۔ ہیڈ کوچ برینڈن میکولم اور مینجنگ ڈائریکٹر رابرٹ کی بھی ٹیم کے ہمراہ ہیں۔انگلینڈ ٹیم اپنے گروپ میچز لاہور اور کراچی میں کھیلے گی۔ افتتاحی میچ 22 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں روایتی حریف آسٹریلیا کے خلاف ہوگا۔ دوسرا میچ 26 فروری کو افغانستان کے خلاف لاہور میں ہی شیڈول ہے، جبکہ آخری گروپ میچ یکم مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا جائے گا۔ٹیم میں نمایاں کھلاڑیوں میں جوس بٹلر، جوفرا آرچر، گس اٹکنسن، ٹام بینٹن، ہیری بروک، برائیڈن کارس، بین ڈکٹ، جیمی اوورٹن، جیمی اسمتھ، عادل رشید، لیام لیونگ اسٹون، جو روٹ، ثاقب محمود، فل سالٹ، اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے ہو رہا ہے، جس میں آٹھ بہترین ون ڈے انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں مقابلہ کریں گی۔ افتتاحی میچ کراچی میں میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔انگلینڈ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ برینڈن میکولم کی قیادت میں، ٹیم اس ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی امید رکھتی ہے، حالانکہ حالیہ سیریز میں بھارت کے خلاف 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی آمد سے پاکستان میں کرکٹ کے شائقین میں جوش و خروش بڑھ گیا ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ ٹورنامنٹ شاندار مقابلوں سے بھرپور ہوگا۔