شام میں ایک لاکھ افراد کی اجتماعی قبر کاانکشاف

 ہلاک ہونے والوں میں امریکی، برطانوی شہری اور دیگر غیر ملکی بھی شامل،سربراہ شامی ایمرجنسی ٹاسک فورس
دمشق (آئی این پی )شام سے بشارالاسد کے فرار ہونے کے بعد خوفناک حقائق منظر عام پر آ رہے ہیں۔ ملک میں  ایک اجتماعی قبر کا انکشاف ہوا ہے جس میں تقریبا ایک لاکھ افراد کو دفن کیا گیا ہے۔غیرملکی خبر رساں  ادارے کے مطابق امریکا میں قائم شام کی وکالت کرنے والی ایک تنظیم کے سربراہ نے کہا ہے کہ دمشق کے باہر ایک اجتماعی قبر میں کم از کم ایک لاکھ افراد کی لاشیں موجود ہیں جنہیں معزول صدر بشار الاسد کی سابق حکومت نے ہلاک کیا تھا۔دمشق سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے معاذ مصطفی نے کہا کہ شام کے دارالحکومت دمشق سے 25 میل(  40  کلومیٹر ) شمال میں واقع القطیفہ کا مقام ان پانچ اجتماعی قبروں میں سے ایک ہے جن کی انہوں نے برسوں سے نشاندہی کی تھی۔شامی ایمرجنسی ٹاسک فورس کے سربراہ مصطفی نے کہا کہ جائے وقوعہ پر دفن کی گئی لاشوں کی تعداد کا سب سے زیادہ محتاط اندازہ ایک لاکھ ہے۔مصطفی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ان پانچ مقامات سے زیادہ اجتماعی قبریں موجود ہیں اور شامیوں کے ساتھ ساتھ ہلاک ہونے والوں میں امریکی اور برطانوی شہری اور دیگر غیر ملکی بھی شامل ہیں۔