لندن: امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی یا مستقل امن معاہدے کے امکانات کم ہونے کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ایران کی جانب سے جارحانہ حکمت عملی اپنانے کے اعلان اور امریکا کی طرف سے جنگ بندی معاہدے میں توسیع کرنے سے ان خدشات میں اضافہ ہوا ہے کہ توانائی کی سپلائی متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، برینٹ خام تیل کی قیمت 27 سینٹ اضافے کے بعد 91.14 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے، جب کہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 42 سینٹ کی اضافے کے ساتھ 85.04 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے امکانات ابھی واضح نہیں ہیں، اور اس راستے سے بحری جہازوں کی آمدورفت بھی معمول سے کم ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ کشیدگی مزید بڑھتی ہے، تو اس کا اثر عالمی تیل کی سپلائی اور قیمتوں پر مزید نمایاں ہو سکتا ہے۔