ایرانی وزیر مواصلات فرازانے صادق نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایران کے 100 طیارے تباہ ہو گئے ہیں، اور اس کے باوجود مواصلاتی انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
تہران میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ حملوں میں ہوائی اڈوں کے علاوہ بجلی اور پانی کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان تباہ شدہ طیاروں کے باوجود، ایران نے صرف 8 طیاروں کی مدد سے حج پروازیں کامیابی سے جاری رکھیں، جبکہ جنگ کے دوران ریل، سڑکوں اور بندرگاہوں کے ذریعے نقل و حمل بھی مسلسل جاری رہی۔ ایرانی وزیر کے مطابق، امریکی حملوں سے ایران کے 25 صوبوں کے 400 شہروں میں ایک لاکھ سے زائد کمرشل اور رہائشی یونٹس متاثر ہوئے ہیں۔دریں اثنا، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت میں 60 روزہ ڈیڈ لائن کے ذریعے پابندیوں کے خاتمے اور جوہری معاملے پر مذاکرات کی بات کی گئی تھی، مگر امریکی جانب سے اس یادداشت کی خلاف ورزی کے سبب بات چیت کا عمل شروع نہیں ہو سکا ہے۔