چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ کی ملاقات

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ کی ملاقات

لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی سے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے ملاقات کی، اس موقع پر عماد بٹ نے انہیں نشانِ امتیاز ملنے پر مبارکباد پیش کی۔

ملاقات میں ہاکی کے کھیل کی بحالی، پرو ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی شرکت، کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کپتان عماد بٹ نے چیئرمین پی سی بی کو ہاکی کے مستقبل کے حوالے سے درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ہاکی کھلاڑیوں کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے فی کھلاڑی 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے میڈیکل اور فٹنس کیسز کو پی سی بی کی پیشہ وارانہ میڈیکل ٹیم ہینڈل کرے گی جبکہ ویزا مسائل کے حل کے لیے بھی مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔

اس کے علاوہ پی سی بی کی لوجسٹک ٹیم کھلاڑیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔محسن نقوی نے کہا کہ ہاکی کے کھیل کی بحالی کے لیے وہ ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پرو ہاکی لیگ کے لیے قومی ٹیم کا کوالیفائی کرنا ایک بڑے اعزاز کی بات ہے اور لیگ میں قومی ٹیم کی بھرپور شرکت کے لیے وہ ذاتی طور پر کردار ادا کریں گے۔