ماسکو میں ایرانی وزیر خارجہ کی صدر پیوٹن سے ملاقات، آیت اللہ خامنہ ای کا اہم پیغام پہنچایا گیا

ماسکو میں ایرانی وزیر خارجہ کی صدر پیوٹن سے ملاقات، آیت اللہ خامنہ ای کا اہم پیغام پہنچایا گیا

ویب ڈیسک: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے اہم ملاقات کی، جس میں انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا خصوصی پیغام روسی صدر کو پہنچایا۔

ملاقات کے دوران عباس عراقچی نے ایران اور روس کے درمیان طے پانے والے جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ معاہدے کو دونوں ممالک کے باہمی تعاون کی ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران روس کے ساتھ معیشت، دفاع، توانائی اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

روسی صدر کا تعلقات مضبوط کرنے کا عزم
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایران کے ساتھ قریبی اور اسٹریٹجک تعلقات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی اور عالمی معاملات پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ:"ایران اور روس کے درمیان خیالات کی ہم آہنگی دونوں ممالک کے قومی مفادات کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔"
علاقائی صورتحال اور عالمی سیاست پر تبادلہ خیال
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان مشرقِ وسطیٰ، یوکرین، جنوبی قفقاز، اور توانائی کے عالمی منظرنامے سمیت کئی اہم علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں فریقین نے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور ایک دوسرے کے مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے میں سیاسی اور اقتصادی تناؤ بڑھ رہا ہے، اور ایران و روس دونوں ہی مغربی پابندیوں اور دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے پیشِ نظر ان کے درمیان اسٹریٹجک اتحاد کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔