نہروں کا منصوبہ ختم نہ ہوا تو حکومت سے الگ ہو جائینگے: ناصر حسین شاہ

پیپلز پارٹی انتشار نہیں چاہتی، لیکن قومی مفاد اور صوبائی خودمختاری پر سمجھوتہ بھی ممکن نہیں 
دہشت گردی کے تانے بانے پاکستان دشمن قوتوں سے ملتے ہیں:  سندھ کے وزیر کی میڈیا سے گفتگو
  کراچی(آئی این پی )سندھ کے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے خبردار کیا ہے اگر متنازعہ نہروں کا منصوبہ واپس نہ لیا گیا تو پاکستان پیپلز پارٹی حکومت سے علیحدہ ہو جائے گی،پیپلز پارٹی انتشار نہیں چاہتی، لیکن قومی مفاد اور صوبائی خودمختاری پر سمجھوتا بھی ممکن نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے  فرنیچر ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیر نے دو ٹوک موقف کا اظہار کرتے ہوئے  کہا  نہروں کا منصوبہ پیپلز پارٹی کے لیے ایک  سرخ لکیر ہے اور اگر اسے زبردستی جاری رکھا گیا تو ہم وفاقی حکومت کا حصہ نہیں رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی انتشار نہیں چاہتی، لیکن قومی مفاد اور صوبائی خودمختاری پر سمجھوتا بھی ممکن نہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا)  نے پانی سے متعلق غلط اعداد و شمار پیش کیے جب کہ حالیہ جائزے کے مطابق پانی کی اتنی مقدار دستیاب ہی نہیں کہ اس منصوبے کو جاری رکھا جا سکے۔  مجھے امید ہے  وزیراعظم اور سیاسی قیادت دانشمندانہ فیصلہ کرے گی اور نہروں کا منصوبہ منسوخ کیا جائے گا۔