راجن پور:کچے کے 2ڈاکو ہلاک،5 نے ہتھیار ڈال دیئے

ایلیٹ فورس کے جوانوں نے مغوی کو بازیاب کر کے کچہ جمال کا مکمل کنٹرول  حاصل کرلیا
 راجن پور(آئی این پی )راجن پور پولیس کو دریائی کچہ کے خطرناک علاقہ کچی جمال میں پہلی بار بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فاروق امجد کی قیادت میں ایلیٹ فورس اور دیگر جوانوں نے کچہ جمال کے پورے جزیرہ نما علاقے پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا  ۔تفصیل کے مطابق، پولیس نے ایک منظم آپریشن کے ذریعے ڈاکوئوں کے ٹھکانے مسمار کیے اور علاقے میں پیش قدمی کرتے ہوئے عمرانی گینگ کو شدید دبا ئومیں لایا۔ پولیس کی بھرپور کارروائی دیکھ کر عمرانی گینگ کے 5 خطرناک ڈاکوئوں نے اسلحہ سمیت خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔سرینڈر کرنے والے ڈاکوں میں علی شیر ولد کجلہ، ولی محمد ولد خدا بخش، حبیب الرحمن ولد اسماعیل، عبد الغفور ولد چھنڑکا، اور عثمان ولد شفیع شامل ہیں۔ ان تمام افراد کا تعلق اقوامِ عمرانی سے ہے اور یہ قتل، اغوا اور ڈکیتی جیسے سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے۔آپریشن کے دوران عمرانی گینگ کے 2 اہم ڈاکو، عبدالرحمن عرف بگا اور بہادر سیندانی، پولیس مقابلے میں ہلاک جبکہ 3 دیگر زخمی ہوئے۔