لاہور: صوبہ بھر میں پریشر ہارن اور غیر ضروری ہارن کے استعمال کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے، کارروائیوں میں 252 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران پریشر ہارن استعمال کرنے والی 4 ہزار 500 سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے گئے اور بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران 34 سے زائد سرکاری گاڑیوں کے بھی پریشر ہارن استعمال کرنے پر چالان کیے گئے ہیں، جبکہ مسلسل اور لگاتار ہارن بجانے والے ڈرائیورز کے خلاف بھی سخت کارروائی جاری ہے۔محمد وقاص نذیر کے مطابق صوبہ بھر میں صوتی آلودگی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جا رہی ہیں۔ شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر ہارن کے استعمال سے گریز کریں اور صوتی آلودگی کے خاتمے کے لیے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ترجمان کے مطابق صوتی آلودگی کا خاتمہ شہریوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، اس لیے عوام ٹریفک قوانین کی پابندی کرتے ہوئے ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کریں۔