پنجاب حکومت کی جانب سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے جاری مہم کے دوران صوبے بھر میں سخت کارروائیاں کی گئی ہیں، جس میں ایک روز کے دوران بڑے پیمانے پر انسپکشنز اور جرمانے عائد کیے گئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایک دن میں مجموعی طور پر 70 ہزار 324 انسپکشنز کی گئیں، جن کے دوران 3 ہزار 488 گرانفروشی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔حکام نے کارروائی کرتے ہوئے گرانفروشی میں ملوث افراد پر مجموعی طور پر 10 لاکھ 44 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کیے، جبکہ 173 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ اس دوران مختلف خلاف ورزیوں پر 4 مقدمات بھی درج کیے گئے۔روٹی کی مقررہ قیمت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی مانیٹرنگ کی گئی، جس کے تحت ایک روز میں 12 ہزار 735 انسپکشنز ہوئیں اور 908 خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
معاونِ خصوصی برائے پرائس کنٹرول سلمیٰ بٹ نے کہا ہے کہ مؤثر نگرانی اور مسلسل کارروائیوں کے ذریعے صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے اور گرانفروشی کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔اسی طرح سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا کہ پرائس کنٹرول نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ قیمتوں کی نگرانی کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔حکام کے مطابق صوبے بھر میں پرائس کنٹرول مہم آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گی اور گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔