راجپال یادیو کو 2کروڑ جمع کرانے کیلئے دو ہفتوں کی مہلت

 راجپال نے فلم اتا پتہ لاپتہ کے لیے ایک نجی ادارے سے 5 کروڑ روپے قرض لیا تھا
نئی دہلی (شوبز ڈیسک)بھارتی سپریم کورٹ نے کامیڈی اسٹار راجپال یادیو کو 2 کروڑ روپے جمع کرانے کیلئے  2 ہفتوں کی مہلت دے دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کو چیک بائو نس کیس کے حوالے سے جاری مالی تنازع میں کم از کم 2 کروڑ بھارتی روپے سپریم کورٹ رجسٹری میں جمع کرانے کے لئے آخری بار 2 ہفتوں کی مہلت دی گئی ہے۔بھارتی  سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کہا کہ اس معاملے میں راجپال یادیو کا سابقہ طرز عمل عدالت کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے  کافی نہیں ہے تاہم ان کے وکیل کی جانب سے یقین دہانی کرائے جانے پر عدالت نے انہیں مزید 2 ہفتوں کی مہلت دے دی۔ وکیل نے یقین دلایا کہ راجپال یادیو مقررہ مدت کے اندر 2 کروڑ روپے جمع کرائیں گے اور باقی رقم کے لئے  ضمانت بھی فراہم کریں گے۔سماعت کے دوران چیف جسٹس سوریا کانت نے راجپال یادیو کے سابقہ طرز عمل کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ کیا عدالت ان کے وعدے پر بھروسہ کر سکتی ہے؟ ان کے ماضی کے طرز عمل کو دیکھتے ہوئے کوئی کیسے بھروسہ کرے؟ وہ بالی وڈ میں ڈرامہ اور اداکاری کرنے میں ماہر ہیں، عدالت میں بھی وہی کررہے ہیں۔عدالت نے ان کی ضمانت قبل از گرفتاری اگلی سماعت 5 اکتوبر تک برقرار رکھی ہے تاہم عدالت نے انہیں اپنا پاسپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ 2010 میں راجپال یادیو نے اپنی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم اتا پتہ لاپتہ کے لیے ایک نجی ادارے سے 5 کروڑ روپے قرض لیا تھا۔ فلم باکس آفس پر ناکام رہی اور راجپال یادیو قرض کی رقم واپس نہ کرسکے، سود شامل ہونے کے بعد واجب الادا رقم بڑھ کر تقریبا 9 کروڑ روپے ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک طویل قانونی جنگ شروع ہوئی۔