سوات میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شدت4.3ریکارڈ، خوف وہراس

پشاور (آئی این پی )خیبرپختونخوا کے علاقے سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں و عمارتوں سے باہر نکل آئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سوات اور ملحقہ علاقوں میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.3 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی زیرِ زمین گہرائی 80 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ بتایا گیا ہے۔زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی مختلف علاقوں میں شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، خوفزدہ افراد محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہوگئے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔حکام کی جانب سے شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ زلزلے کے بعد مقامی سطح پر صورتحال کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے۔