کورین ٹیکسٹائل کمپنی "کسکو" اور ایک پاکستانی کمپنی نے پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کو عالمی معیار کے کیمیکلز اور ڈائز فراہم کرنے کے لیے باہمی تعاون کا آغاز کر دیا ہے۔
اس شراکت داری کا مقصد پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں رسائی بڑھانا اور ملکی برآمدات کو فروغ دینا ہے۔کراچی میں منعقدہ کانفرنس میں کورین کمپنی "کسکو"، کورین ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ایجنسی اور پاکستانی کمپنی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ پاکستانی کمپنی کے نمائندے محمد پرویز نے کہا کہ کورین ٹیکنالوجی پر مبنی اعلیٰ معیار کے کیمیکلز پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کو بین الاقوامی سطح پر مسابقتی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔کسکو کے سی ای او ڈاکٹر سنگ یونگ چو نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط اور پائیدار شراکت داری قائم کی جائے گی، اور اس تعاون کو جدید ٹیکنالوجی اور عالمی پائیداری کے اصولوں کے تحت مزید وسعت دی جائے گی۔
کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کورین ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سنگ وون ہوانگن نے کہا کہ یہ اشتراک دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا باعث بنے گا اور پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔