مختلف ڈویڑنز اور کیمپسز کے سربراہان اپنے اصلاحاتی ایجنڈے پیش کرینگے
لاہور(خصوصی رپورٹ)یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور نے ’’اکیڈمک حیاتِ نو 2025-2030 ڈائیلاگ: تعلیمی مستقبل کی نئی جہتیں‘‘ کے عنوان سے دو روزہ علمی و فکری مکالمے کا آغاز کیا ہے، جس میں ماہرینِ تعلیم، محققین اور کیمپس ڈائریکٹرز شریک ہوں گے تاکہ آئندہ پانچ برسوں کے لیے یونیورسٹی کا تعلیمی وڑن تشکیل دیا جا سکے۔یہ مکالمہ یونیورسٹی کے ویڑن 2030 اور اس کے چھ سٹریٹجک ستونوں تعلیمی معیار، تحقیقی و سائنسی ترقی، بین الاقوامیت، سٹیک ہولڈر انگیجمنٹ، طلبہ کا تجربہ اور پائیداری کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔ اس ڈائیلاگ کا مقصد عالمی رجحانات جیسے مصنوعی ذہانت ، پائیدار ترقی، اختراع اور تعلیمی اصلاحات کی روشنی میں سیکھنے کے مستقبل کو ازسرِنو متعین کرنا ہے۔یونیورسٹی کی مختلف ڈویڑنز اور کیمپسز کے سربراہان اپنے اصلاحاتی ایجنڈے، نمایاں اقدامات اور ’’کیمپس ویڑن 2030‘‘ پیش کر رہے ہیں، جن میں نئے پروگرامز، تحقیقی کلسٹرز، بین الشعبہ جاتی تعاون اور روزگار پر مبنی حکمتِ عملیاں شامل ہیں۔