سپریم کورٹ بار الیکشن عاصمہ گروپ کا کلین سویپ

 ہارون رشید1362 ووٹ لے کر صدر بن گئے ،توفیق آصف 962ووٹ حاصل کر سکے، زاہد اسلم سیکرٹری ہونگے 
لاہور ( کرائم رپورٹر)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں انڈیپنڈنٹ عاصمہ جہانگیر گروپ نے کلین سویپ کر دیا ، ہارون الرشید صدراور زاہد اسلم سیکرٹری منتخب ہو گئے،غیر حتمی نتائج کے مطابق لاہور،کوئٹہ،ملتان،بہاولپور ،ڈیرہ اسماعیل خان،حیدر آباد ،سکھر،بنوں،کراچی اور سوات میں ہارون الرشید نے 1362 ووٹ لے کر مدمقابل حامد خان گروپ کے امیدوار توفیق آصف کو400ووٹوں کی لیڈ سے شکست دیدی، توفیق آصف 962ووٹ حاصل کر سکے،وزیراعظم شہباز شریف نے الیکشن جیتنے پرانڈیپنڈنٹ عاصمہ جہانگیر گروپ کے سربراہ احسن بھون کو مبارکباد پیش کی ہے، نتائج کا اعلان ہوتے ہی ہارون الرشید کے حامی وکلاء نے ڈھول کی تھاپ پر بھرپو رجشن منایا ،بھنگڑے ڈالیاور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار کے گزشتہ روز سالانہ انتخابات منعقد ہوئے، انتخابات کیلئے ملک بھرمیں 13 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ، پولنگ صبح 30:8 سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی، مجموعی طور پر 4 ہزار 393 وکلا ء بطور ووٹر رجسٹرڈ تھے۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں 1 ہزار 67 ووٹ کاسٹ ہوئے ، عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار ہارون الرشید 629 ووٹ ، سیکرٹری کی نشست پر ملک زاہد اسلم اعوان 596ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے، ان کے مدمقابل حامد خان گروپ کے صدارتی امیدوار توفیق آصف نے431ووٹ اورسیکرٹری کی سیٹ پر میاں عرفان اکرم نے414ووٹ حاصل کئے اور انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ، سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہارون الرشید کو 198 ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی،صدارتی امیدواروں کے 6،سیکرٹری کی نشست پر 28 ووٹ منسوخ ہوئے، پولنگ کے موقع پر لاہور میں سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ادھر کوئٹہ میں ہارون الرشید نے 120،سکھر 55 ،بنوں 25 ،سوات 27،ملتان 135،بہاولپور 89، ڈیرہ اسماعیل خان 23، کراچی 195اور حیدر آباد میں 64ووٹ حاصل کئے جبکہ توفیق آصف کوئٹہ میں 101 ،سکھر 15 ،بنوں 5 ووٹ،سوات 23 ،ملتان 115، بہاولپور 37،ڈیرہ اسماعیل خان 17، کراچی 185 اورحیدر آباد میں 33ووٹ حاصل کر سکے۔ دوسری طرف وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار کے نو منتخب صدر ہارون الرشید اور سیکرٹری زاہد اسلم اعوان و دیگر عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ حکومت ہمیشہ سے وکلاء برادری کو اصلاحات کے عمل میں اہم شراکت دار تصور کرتی ہے، اس بابت وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ہمیشہ وکلا سے رابطہ میں رہتے ہیں ،امید ہے نو منتخب صدر ہارون الرشید اوردیگر عہدیداران ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور وکلاکی فلاح و بہبود کا مشن جاری رکھیں گے۔