ریا ست کیخلاف پوسٹ شیئرکرنے کے 2کیسوں میں فلک جاوید کی ضمانت منظور
سرفراز چیمہ کی5مقدمات میں اورسواتی کی پاسپورٹ بلاک کیخلاف سماعت ملتوی
لاہور، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ )لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کی نو مئی جلائو گھیرائو میں دس سال سزا کے خلاف اپیل کی سماعت کے دوران جسٹس شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اپیل کنندہ کی تمام اپیلیں یکجا کرنے کی استدعا منظور کرلی۔ سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی،اعجازچودھری کے وکیل میاں علی اشفاق نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کئے،ٹرائل کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا۔ عدالت ٹرائل کورٹ کی دس سال کی سزا کو کالعدم قرار دیکر بری کرنے کا حکم دے۔ایڈیشنل سیشن جج ڈاکٹر ساجدہ احمد نے سوشل میڈیا پرریاست کیخلاف پوسٹ شیئرکرنے کے 2کیسوں میں فلک جاوید کی ضمانت منظورکرتے ہوئے رہا کرنیکا حکم دیدیا، عدالت نے فلک جاوید کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے داخل کرانے کا حکم دیا، فلک جاوید کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے 14 روز کے لیے جیل بھجوا یا تھا۔انسداد دہشت گردی کے ڈیوٹی جج نیسابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کی پانچ مقدمات میں ضمانت پر سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کر دی،عمر سرفراز چیمہ کو نو مئی کے دیگر چار مقدمات میں سزا ہو چکی ہے۔انسداددہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کی پاسپورٹ بلاک ہونے کے خلاف درخواست پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی۔گزشتہ روزدرخواست پر سماعت کے دوران اعظم سواتی فیملی میں فوتگی کے باعث عدالت پیش نہ ہوسکے، جس پرعدالت نے کیس کی سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کردی۔انسداد دہشت گردی کے جج منظر علی گل کی اہلیہ کے انتقال کے باعت سانحہ نو مئی زمان پارک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیس کی سماعت 25 اکتوبر تک موخر کر دی گئی۔ گوجرانوالہ پولیس نے اشتہاری ملزم راشد علی قادری کو گرفتار کر لیا۔ڈیوٹی جج نے ملزم سے تفتیش فوٹوگرامیٹری ٹیسٹ کے لیے 11 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا۔