امریکہ، بھارتی نژاد سابق مشیر قومی سلامتی ایشلے جاسوسی کے شبہ میں گرفتار

جے ٹیلس کی گرفتاری بھارت کے لیے بھی ایک بڑا سفارتی دھچکا سمجھی جا رہی ہے
 بھارتی پہلے ہی امریکن ویزا پر پابندیوں کا شکار ، سکینڈل پریشانیوں میں اضافہ کر سکتا ہے
واشنگٹن(آ ئی این پی )بھارتی نژاد سابق امریکی قومی سلامتی مشیر ایشلے جے ٹیلِس کو جاسوسی کے شبہ میں گرفتار کر لیا گیا۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی نژاد ایشلے جے ٹیلِس کو ایف بی آئی نے خفیہ دفاعی معلومات رکھنے اور چینی حکام سے مشتبہ ملاقاتوں کے الزام میں گرفتار کیا ہے، وہ امریکی حکومت کی بھارت، پاکستان اور جنوبی ایشیا کے بارے میں پالیسی بنانے میں کلیدی مشیر رہ چکے ہیں۔سفارتی ماہرین کے مطابق جے ٹیلس کی گرفتاری نہ صرف واشنگٹن بلکہ بھارت کے لیے بھی ایک بڑا سفارتی دھچکا سمجھی جا رہی ہے۔بھارتی شہر ممبئی میں پیدا ہونے والے ایشلے جے ٹیلِس نے شکاگو یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی، امریکی شہریت حاصل کرنے کے بعد وہ نیشنل سکیورٹی کونسل اور محکمہ خارجہ میں اعلی عہدوں پر فائز رہے، وہ واشنگٹن میں بھارت نواز پالیسی کے معماروں میں شامل تھے۔امریکی ادارے ایف بی آئی کے مطابق تلاشی کے دوران ٹیلِس کے گھر سے ایک ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل خفیہ دفاعی دستاویزات برآمد ہوئیں، جن میں امریکی فضائیہ کے طیاروں کی صلاحیتیں، حکمتِ عملی اور عسکری منصوبے شامل تھے۔  رپورٹ کے مطابق  نگرانی کی ویڈیوز میں انہیں محکمہ دفاع اور محکمہ خارجہ کی عمارتوں سے فائلیں پرنٹ کرتے اور چھپا کر لے جاتے ہوئے دکھایا گیا، امریکی اداروں کے مطابق چینی حکام سے متعدد خفیہ ملاقاتوں میں وہ شریک ہوتے رہے، جہاں کبھی انہیں لفافے اور کبھی تحفے کے بیگ دیے جاتے تھے۔تفتیشی رپورٹ کے مطابق تاحال یہ ثابت نہیں ہوا کہ ٹیلِس نے کوئی معلومات منتقل کیں، تاہم خفیہ معلومات کی غیر مجاز تحویل ایک سنگین جرم ہے، اگر جرم ثابت ہوا تو ٹیلِس کو دس سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے بھارتی شہری پہلے ہی امریکن ویزا پر پابندیوں کا شکار ہیں، یہ تازہ سکینڈل بھارتی نژاد امریکیوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر سکتا ہے