پنجاب حکومت نے18اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ کردی

ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے:ترجمان
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب کی حکومت نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسے، جلوس، مظاہرے اور ریلیوں پر پابندی عائد کردی۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کردیا گیا ہے اور ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں، اجتماع اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ ہفتہ 18 اکتوبر تک کیا گیا ہے، جس کے تحت 4 یا اس سے زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، پنجاب بھر میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ دفعہ 144 کے تحت لاڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی مکمل پابندی ہے، پنجاب بھر میں اشتعال انگیز، نفرت انگیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت اور تقسیم پر مکمل پابندی ہے۔