بالی ووڈ اداکارہ اننیا پانڈے نے فلم انڈسٹری میں اقربا پروری (نیپوٹیزم) کے حوالے سے ہونے والی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ انہیں اپنے خاندانی پس منظر کی وجہ سے کئی خصوصی مواقع ملے، جس پر وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں اننیا پانڈے نے اپنے والد اور معروف اداکار چنکی پانڈے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کی بیٹی ہونے پر فخر ہے اور وہ اپنے خاندانی پس منظر سے حاصل ہونے والے فوائد کو تسلیم کرتی ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اس حقیقت سے انکار نہیں کرتیں کہ انہیں زندگی میں ایسے مواقع میسر آئے جو شاید بہت سے دوسرے لوگوں کو آسانی سے حاصل نہیں ہوتے۔ ان کے مطابق وہ ہر روز اس بات پر خدا کا شکر ادا کرتی ہیں کہ انہیں اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا موقع ملا۔اننیا پانڈے نے واضح کیا کہ وہ اپنے پس منظر کو چھپانے یا اس سے لاتعلقی ظاہر کرنے کے بجائے اسے اپنی زندگی کا ایک اہم حصہ سمجھتی ہیں۔
ان کا یہ بیان بالی ووڈ میں نیپوٹیزم پر جاری بحث کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جہاں فلمی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کو ملنے والے مواقع اکثر زیرِ بحث رہتے ہیں۔انٹرویو کے دوران اداکارہ نے نوجوان نسل پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کے لیے کامیابی کا تصور پہلے کے مقابلے میں مختلف ہو چکا ہے اور ہر فرد اپنی صلاحیتوں، دلچسپیوں اور ترجیحات کے مطابق کامیابی کا راستہ اختیار کرتا ہے۔اننیا پانڈے کے مطابق کامیابی کو صرف ایک ہی معیار سے نہیں پرکھا جا سکتا، کیونکہ ہر شخص کے خواب اور زندگی کے مقاصد مختلف ہوتے ہیں۔