امریکا خود کو عالمی قوانین سے بالاتر سمجھتا ہے، ایران نے واشنگٹن کو آئینہ دکھا دیا

امریکا خود کو عالمی قوانین سے بالاتر سمجھتا ہے، ایران نے واشنگٹن کو آئینہ دکھا دیا

تہران: ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ قومی سلامتی اور اخلاقیات کے نام پر ایران کے خلاف جنگ کا جواز پیش کرکے بین الاقوامی قوانین اور عالمی احتساب کے اصولوں کو کمزور کر رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں اسماعیل بقائی نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے واشنگٹن کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے امریکی طرزِ عمل کا موازنہ جرمنی کے سابق آمر ایڈولف ہٹلر کے دور میں پیش آنے والے ایک تاریخی واقعے سے کیا۔ایرانی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ہٹلر نے 1933 میں جرمن پارلیمنٹ کی عمارت رائخ اسٹاگ میں آتش زدگی کے واقعے کو ہنگامی اقدامات نافذ کرنے، شہریوں کے بنیادی حقوق معطل کرنے اور اپنے اقتدار کو مستحکم بنانے کے لیے استعمال کیا تھا۔

بقائی کے مطابق امریکا بھی اپنی پالیسیوں اور ایران کے خلاف اقدامات کے دفاع کے لیے قومی سلامتی اور اخلاقیات جیسے جواز پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں کے حق میں دیے جانے والے دلائل اور داعش کی جانب سے اپنے اقدامات کے جواز میں پیش کیے جانے والے مؤقف میں کیا فرق ہے؟انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی ملک کو اپنی طاقت کی بنیاد پر عالمی احتساب سے بالاتر ہونے کا حق حاصل نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی قوانین کا اطلاق تمام ممالک پر یکساں ہونا چاہیے اور طاقتور ریاستوں کو بھی بین الاقوامی ضابطوں کی پابندی کرنی چاہیے۔

اختیارات پر پابندی اور آزادی کا سوال

اسماعیل بقائی نے امریکا کے بانی رہنماؤں میں شامل جیمز میڈیسن کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو حکومت اپنے اختیارات محدود کرنے پر آمادہ نہ ہو، وہ دوسروں کی آزادی کی ضمانت بھی نہیں دے سکتی۔ایرانی ترجمان کے اس بیان میں امریکا کی خارجہ پالیسی، ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں اور عالمی قوانین کی پاسداری سے متعلق تہران کے تحفظات سامنے آئے ہیں۔ ان کے مطابق قومی سلامتی کو بنیاد بنا کر کسی بھی ریاست کو بین الاقوامی قوانین سے استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا۔