ایشیا کپ رائزنگ سٹارز، پاکستان شاہینز ایونٹ میں شرکت کیلئے دوحہ روانہ

50اوورز پر مشتمل ٹورنامنٹ 19سے 29نومبر تک قطر میں کھیلا جائے گا
کراچی (سپورٹس ڈیسک)پاکستان شاہینز کی ٹیم اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں شرکت کے لیے کراچی سے دوحہ روانہ ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق دفاعیچمپئن پاکستان شاہینز کی قیادت عبدالصمد کریں گے۔انڈر 19 ایشیا کپ کے لیے عمان میں موجود علی رضا اور فرحان یوسف دوحہ میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔50 اوورز پر مشتمل ٹورنامنٹ 19 سے 29 نومبر تک قطر میں کھیلا جائے گا۔پاکستان شاہینز 20 نومبر کو پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کے مدمقابل ہوگی۔ 22 نومبر کو روایتی حریف بھارت اے اور 24 نومبر کو نیپال کے خلاف میدان میں اترے گی۔ پاکستان شاہینز کے کپتان عبدالصمد کا روانگی سے قبل کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے لیے ہماری تیاریاں اچھی رہی ہیں، پریکٹس سیشنز میں مختلف میچ صورتحال کے مطابق تیاری کی ہے۔عبدالصمد نے کہا کہ پہلا میچ جیت کر ٹورنامنٹ میں فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر کھلاڑی اپنی ذمہ داری سے آگاہ ہے، منصوبوں پر عمل درآمد سے اچھے نتائج کے لیے پرامید ہیں۔