ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ادویات کی ڈیجیٹلائزیشن کا آغاز کردیا

اسلام آباد(آئی این پی)جعلی ادویات کی روک تھام کا نظام ڈیجیٹلائز کرنے کے حوالے سے پیشرفت، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ)ے ادویات کی ڈیجیٹلائزیشن شروع کر دی۔ ذرائع وزارت صحت کے مطابق ادویات کی تصدیق کے نئے نظام کا افتتاح وزیراعظم جلد کریں گے، ڈریپ کی ڈیجیٹلائزیشن ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے تحت کی جا رہی ہے۔ نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت شہری موبائل فون کے ذریعے ادویات پر موجود کوڈ سکین کرکے دوا کی تفصیلات اور اصلیت معلوم کر سکیں گے، ادویات کی تصدیق کا یہ نظام ڈریپ کے ڈیٹا بیس سے منسلک ہوگا۔ حکام کے مطابق نئے نظام کے ذریعے ادویات کی تیاری، درآمد اور میعاد ختم ہونے کی تاریخ سے متعلق معلومات بھی دستیاب ہوں گی، جبکہ نظام کو عوام میں متعارف کرانے کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔