کوئٹہ سے پشاور جانیوالی ٹرین کو نصیرآباد میں نشانہ بنانے کی کوشش
جعفرآباد میں پولیس چوکی پر دستی بم حملہ ،ایک اہلکار شدیدزخمی
ڈیرہ مراد جمالی (خصوصی رپورٹ)نصیرآباد کے علاقے میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفرایکسپریس دھماکے میں بال بال بچ گئی۔ پولیس کے مطابق اتوار کو نصیرآباد نوتال ربی کے علاقے میں نامعلوم دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک پر نصب دھماکا خیز مواد سے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفرایکسپریس کو نشانہ بنایا ،دھماکے سے ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا ، تاہم خوش قسمتی سے جعفرایکسپریس بال بال بچ گئی اورکوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جعفرایکسپریس کو سخت سکیورٹی میں ڈیرہ مراد جمالی روانہ کردیا گیا۔دھماکے سے ٹریک متاثرہونے سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ،ریلوے عملے نے موقع پر پہنچ کر دھماکے سے متاثرہ ٹریک کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔ ادھر جعفرآباد کے علاقے میں قومی شاہراہ پر قائم پولیس چوکی پرنامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے ایک اہلکارزخمی ہوگیا جبکہ چوکی کو شدید نقصان پہنچا۔