یہودیوں کا مغربی کنارے میں مسجد پر حملہ، توڑ پھوڑ، آگ لگادی

 15 فلسطینیوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا, عالمی برادری سے مسجد پر حملے پر فوری ایکشن لینے کی اپیل 
 غزہ،ریاض (آئی این پی )اسرائیل کی غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں نہ تھم سکیں۔ غزہ کے ساتھ ساتھ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج اور غیر قانونی یہودی آبادکاروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔یہودی آبادکاروں نے مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں واقع گاں دیر استیا میں مسجد پر حملہ کردیا ، مسجد میں توڑ پھوڑ کی اور آگ لگا دی۔ دیواروں پر نسل پرستانہ جملے لکھے۔مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے کارروائیوں کے دوران 15 فلسطینیوں کو گرفتار بھی کیا۔ادھر اسرائیلی فوج نے غزہ میں 3 مختلف مقامات پر حملے کیے، خان یونس میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ فلسطینی حکام نے مسجد پر حملے کو نفرت پر مبنی جرم قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے فوری ایکشن لینے کی اپیل کی۔دوسری جانب سعودی عرب نے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کے فلسطینیوں پر حملوں کی مذمت کی ہے۔سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر بڑھتے حملے افسوسناک ہیں، ایسے حملے امن کیلئے عالمی کوششوں کو کمزور کرتے ہیں، عالمی برادری کو اسرائیلی حملوں پر احتساب کے عمل کو فعال کرنا چاہیے، اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔