ویب ڈیسک: ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں اوسط قیمت 3 روپے 38 پیسے بڑھ کر 175 روپے 19 پیسے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ بعض شہروں میں چینی 185 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پشاور حالیہ ایک ہفتے میں چینی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافے کے بعد ملک کا مہنگا ترین شہر بن گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے چینی کی اوسط قیمت 171 روپے 81 پیسے تھی، جبکہ ایک سال قبل یہی نرخ 143 روپے 75 پیسے تھے۔ ایک سال کے دوران چینی کی قیمت میں 31 روپے 44 پیسے کا اضافہ ہوا ہے، جو عام شہریوں کے لیے بوجھ بنتا جا رہا ہے۔دوسری جانب ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے فوری طور پر موثر اقدامات نہ کیے تو چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو تک جا سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت چینی کی ایکس مل قیمت 168 روپے ہے جبکہ حکومت کی مقرر کردہ ریٹیل قیمت 164 روپے فی کلو ہے، تاہم اس پر کہیں بھی عملدرآمد نظر نہیں آ رہا۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق ذخیرہ اندوزی، کمزور نگرانی اور سپلائی چین میں مسائل قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں، جس پر قابو پانے کے لیے فوری پالیسی اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔