دہشت گردی واقعات کی تحقیقات کاکام جے آئی ٹی کے سپرد

صوبائی قائمہ کمیٹی نے انسداد دہشتگردی ایکٹ 2025میں ترمیم کی منظوری دیدی
ایس پی ،حساس ادارے کا نمائندہ،سول آرمڈ فورسز افسرتحقیقاتی ٹیم کا حصہ ہونگے
لاہور (کرائم رپورٹر )پنجاب حکومت نے دہشت گردی واقعات سے متعلق تحقیقات جے آئی ٹی کے سپردکرنے کا فیصلہ کرلیا ،اس حوالیسے پنجاب حکومت کا انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترمیم 2025 کے بل کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے منظوری دیدی ،کسی بھی دہشت گردی کے واقعہ کی تحقیقات اب مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کرے گی،دہشت گردی کے واقعات کیلئے بنائی گئیں مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں پر بہت سے سوالات کھڑے ہوتے رہے لیکن قائمہ کمیٹی نے اسے باقاعدہ قانون بنانے کی منظوری دیدی ہے جس کو جلد پنجاب اسمبلی ایوان سیبھی منظور کروالیا جائے گا۔ پنجاب اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے خصوصی اجلاس بلاکر ایکٹ میں ترمیم کرنے کی منظوری دی جس کی صوبائی کابینہ نے پہلے ہی منظوری دے رکھی ہے ،ایکٹ میں ترمیم کے بعد پنجاب پولیس کے ایس پی رینک کا افسر، حساس ادارے کا نمائندہ، اور سول آرمڈ فورسز کے افسر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ رانا عبدالمنان ساجد کاکہناتھاکہ دہشت گردی جیسے حساس مسئلے سے نمٹنے کے لیے تحقیقاتی عمل کو موثر، مربوط اور غیر جانبدار بنانے کی اشد ضرورت ہے،اس ترمیمی ایکٹ سے نہ صرف تحقیقات کا دائرہ وسیع ہوگا بلکہ مختلف اداروں کے درمیان باہمی تعاون بھی فروغ پائے گا۔