ہر تحصیل میں عارضی سہولت بازار

 سبزی ، فروٹ اور دیگر اشیائے ضروریہ کنٹرول ریٹ پر دستیاب ہوں گی، پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز لاہور سے ہوگا 
 لاہور (کرائم رپورٹر )پنجاب کے باسیوں کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کر دیا گیا، سبزی ،فروٹ اور دیگر اشیائے ضروریہ کنٹرول ریٹ پر مہیا کرنے کیلئے ہر تحصیل میں 60 دکانوں پر مشتمل عارضی سہولت بازار قائم کرنے کی تیاری کر لی گئی۔ تفصیل کے مطابق پنجاب کی تمام تحصیلوں میں 60 عارضی دکانوں پر مشتمل سہولت بازاروں کے قیام کا فیصلہ کر لیا گیا،پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز لاہور سے ہوگا۔ ٹیسٹنگ ماڈل کے طور پر لاہور کے 15 ہائی ٹریفک ہاٹ سپاٹ فائنل کر لئیگئے ، علاقوں کو رش اور اوور چارجنگ سروے کی بنیاد پر شارٹ لسٹ کیا گیا۔67 کروڑ 55 لاکھ کی لاگت سے عارضی سہولت بازاروں کا قیام فوری ریلیف کے لئے کیا گیا۔عارضی سہولت بازاروں کو پنجاب سہولت بازار اتھارٹی مانیٹر کریگی۔ہر بازار میں مینجمنٹ ،ریٹ کنٹرول اور لائیو سرولنس کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ملتان روڈ، ہنجروال، مانگا منڈی، رائیونڈ ،جی ون مارکیٹ، مصطفی ٹائون ،فیصل ٹائون، مون مارکیٹ ، بیدیاں روڈ، مادرملت روڈ، گلشن راوی، شاہدرہ،شادمان ، سنگھ پورہ اور کاہنہ میں بھی سہولت بازاروں کا قیام کیا جائیگا۔دوسری طرف 3 ارب 44 کروڑ کی لاگت سے پنجاب میں 13 مستقل سہولت بازاروں کے قیام کا منصوبہ بھی رواں سال اگست میں مکمل کیا جائیگا۔