ویب ڈیسک: بھارتی حکومت نے پاکستان کے خلاف سخت پابندیاں عائد کر دیں، جس کے تحت معروف میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارمز سے پاکستان کے تمام گانے ہٹا دیے گئے ہیں۔
یہ قدم بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات کی جاری کردہ ہدایت کے بعد اٹھایا گیا، جس میں کہا گیا کہ تمام او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور میڈیا اسٹریمنگ سروسز بھارت میں پاکستانی مواد بشمول ویب سیریز، فلمیں، گانے اور پوڈکاسٹ کو ہٹائیں۔اس سے پہلے بھارتی میوزک کمپنی زی میوزک نے بھی اپنے یوٹیوب چینل سے مشہور پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا نام ہٹا دیا تھا۔ اس پابندی کے علاوہ بھارت نے پاکستانی اداکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندیاں لگا رکھی ہیں اور بھارتی فلموں کے البمز سے پاکستانی فنکاروں کی تصویریں ہٹانا شروع کر دی ہیں۔
یہ اقدامات مودی حکومت کی طرف سے پاکستان کے خلاف بڑھتے ہوئے تناؤ اور کشیدگی کے تناظر میں اٹھائے گئے ہیں، جس سے بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں اور ناپاک عزائم کا پتہ چلتا ہے۔ بھارتی حکومت اپنی شکست کو ہضم کرنے میں ناکام ہے اور اپنی ناکامی کا بدلہ مختلف طریقوں سے لینے کی کوشش کر رہی ہے۔