پنجاب پولیس کی باصلاحیت خاتون آفیسر اے ایس پی انعم شیر خان نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کرتے ہوئے "ایکسلینس ان کریمنل انویسٹی گیشن ایوارڈ 2025" اپنے نام کر لیا۔
ایوارڈ کی تقریب ورلڈ ٹریڈ سنٹر دبئی میں منعقد ہوئی، جہاں کمانڈر ان چیف دبئی پولیس نے انہیں باوقار اعزاز سے نوازا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ورلڈ پولیس سمٹ 2025 میں دنیا بھر کے 192 ممالک سے منتخب پولیس افسران کی غیر معمولی کارکردگی مختلف کیٹیگریز میں زیرِ غور لائی گئی۔ اس بین الاقوامی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اے ایس پی انعم شیر خان نے اول پوزیشن حاصل کی، جو نہ صرف پنجاب بلکہ پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔
قاتلانہ وارداتوں میں شاندار کارکردگی
اے ایس پی انعم شیر خان کو یہ اعزاز دو اہم قتل کیسز میں ان کی غیر معمولی کارکردگی پر دیا گیا۔
پہلا کیس: 12 سالہ گھریلو ملازمہ عائشہ بی بی کے بہیمانہ قتل کی تفتیش، جسے انہوں نے محض 72 گھنٹوں میں کامیابی سے حل کر کے ملزمان کو گرفتار کروایا۔
دوسرا کیس: نوجوان محسن کے قتل میں ملوث عناصر کو صرف 24 گھنٹوں کے اندر ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔
ان مقدمات میں انعم شیر خان کی قیادت میں پولیس ٹیم نے نہ صرف تیزرفتاری سے انصاف کی فراہمی ممکن بنائی بلکہ جدید تفتیشی تکنیکوں کا مؤثر استعمال بھی کیا۔
آئی جی پنجاب کی مبارکباد
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس پی انعم شیر خان کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ:"ایسی باصلاحیت افسران مستقبل کی پولیس لیڈرشپ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کی عالمی سطح پر پذیرائی پاکستان پولیس سروس کے وقار میں اضافے کا باعث بنی ہے۔"
ڈی پی او قصور کو بھی بین الاقوامی اعزاز
ورلڈ پولیس سمٹ میں پنجاب پولیس کے دوسرے افسر، ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خان کو بھی نمایاں کارکردگی پر "بیسٹ آرٹیفیشل انٹیلی جنس ایمپلیمنٹیشن ان پولیسنگ ایوارڈ" کیٹیگری میں دوسری پوزیشن سے نوازا گیا۔
انعم شیر خان کا اظہارِ خیال
ایوارڈ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انعم شیر خان نے کہا:"یہ پاکستان اور پنجاب پولیس کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہی ہوں۔ یہ ایوارڈ میری ٹیم کی محنت، ہمارے عزم اور اقدار کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔"ورلڈ پولیس سمٹ کو دنیا بھر میں پولیس افسران کی قائدانہ صلاحیتوں، جدید حکمت عملیوں اور کمیونٹی تحفظ میں ان کے کردار کے اعتراف کے لیے سب سے مؤثر اور باوقار پلیٹ فارم مانا جاتا ہے۔