گندم کی فصل کی باقیات کو آگ لگانا قانوناً ممنوع ،خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائیگی ،ڈی جی ماحولیات
لاہور (آئی این پی )پنجاب کے مختلف شہروں میں رات گئے کسانوں نے حکومتی پابندی کو نظر انداز کرتے ہوئے بڑی تعداد میں گندم کی فصل کی باقیات کو آگ لگا دی، جس سے فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔لاہور، اسلام آباد موٹروے اور لاہور، سیالکوٹ موٹروے کے اطراف فصلوں کو لگائی گئی آگ سے دھویں کے گہرے بادل چھا گئے، جس سے ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی صحت دونوں متاثر ہونے کے امکانات بڑھ گئے۔شرقپور، ننکانہ صاحب، جڑانوالہ اور کامونکی سمیت متعدد علاقوں میں رات گئے کسانوں نے باقیات کو آگ لگائی۔ متعلقہ علاقوں میں شدید دھواں چھا گیا جس سے ماحولیاتی صورتحال مزید خراب ہو گئی۔ محکمہ ماحولیات کی ٹیموں نے فائربریگیڈ کے ہمراہ متاثرہ علاقوں میں فیلڈ آپریشن کرتے ہوئے آگ بجھانے کی کارروائیاں کیں۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق تمام فیلڈ افسران نے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر بروقت اقدامات کیے تاکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔ڈی جی ماحولیات کے مطابق گندم کی فصل کی باقیات کو آگ لگانا قانوناً ممنوع ہے اور اس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے گریز کریں اور متبادل طریقے اختیار کریں تاکہ ماحول کو محفوظ بنایا جا سکے۔