پہلگام واقعے کو جواز بنا کر 2ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا، لاپتا افراد کے بحران سے نمٹنے کے لیے تنازعات کی روک تھام اور پرامن تصفیہ ناگزیر ہے
بھارتی قابض افواج لوگوں کو پہلے اغواء کرتی ہیں، انہیں اذیتیں دی جاتی ہیں اورموت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے، پاکستانی مستقل مندوب کی سلامتی کونسل کو بریفنگ
نیویارک(آئی این پی)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہاہے کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد حق خودارادیت کو کچلنا چاہتا ہے، پہلگام واقعے کو جواز بنا کر 2ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالیہ برسوں میں ہزاروں نامعلوم اور بے شناخت قبریں سامنے آئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تحقیقات سے واضح ہوا ہے کہ بھارتی قابض افواج لوگوں کو پہلے اغواء کرتی ہیں، پھر انہیں اذیتیں دی جاتی ہیں اور بغیر کسی قانونی عمل کے موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے۔ عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر 2ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا تاکہ ان کی جائز جدوجہد حقِ خودارادیت کو مزید کچلا جا سکے۔پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ لاپتا افراد کے بحران سے نمٹنے کے لیے تنازعات کی روک تھام اور پرامن تصفیہ ناگزیر ہے۔