عافیہ صدیقی کیس تحریک بن چکا، پٹیشن ختم کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا اسلام آباد ہائیکورٹ

 ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست میں ترمیم کی استدعا منظور، وکیل  کو ایک ہفتے میں ترمیم شدہ پٹیشن دائر کرنے کی ہدایت
 اسلام آباد (آئی این پی )اسلام آباد ہائی کورٹ میں امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی سے متعلق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست میں ترمیم کی استدعا منظور کرلی  ، عدالت عالیہ نے فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق کو ایک ہفتے میں ترمیم شدہ پٹیشن دائر کرنے کی ہدایت کردی۔  اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحق خان نے امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کی، وکیل درخواست گزار عمران شفیق، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور عدالتی معاون زینب جنجوعہ عدالت میں پیش ہوئیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ حکومت کیوں اس درخواست کو نمٹانا چاہتی ہے، اس میں حکومت کا کیا فائدہ ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم اس کیس میں جس حد جو کچھ کر سکتے تھے کر چکے ہیں۔جسٹس سردار اعجاز اسحق خان نے کہا کہ یہ لمبی جہدوجہد والا کام ہے، عافیہ صدیقی کیس اب ایک تحریک بن چکی ہے، اس پٹیشن کو ختم کرنے سے مسئلہ ختم نہیں ہوگا، نہ حل ہوگا، اس کیس میں جو جو اقدامات حکومت کے تھے وہ اس عدالت نے کیے ہیں۔عدالت نے کیس کی سماعت دو ہفتوں بعد تک ملتوی کردی گئی۔